بودھن ۔ 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیز) مرکزی حکومت کے زیر نگرانی قائم کردہ محکمہ سنٹرل بیورو آف کمیونکیشن کے زیر اہتمام آج بودھن کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں کارگل وجئے دیوس کے نام سے 25 سال قبل سال 1999 میں پڑوسی ملک پاکستان کی دراندازی کو روکنے میں کامیاب بھارت کی فوجی کارروائی کے جشن فتح کی 25 ویں سالگرہ کا بودھن میں جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی آر ڈی او بودھن امباداس راجیشور، اے سی پی بودھن سرینواس گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن کے پرنسپل ڈاکٹر ایس سریش، این سی سی میں شامل نوجوانوں و طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ مہمانان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا ہمارے بہادر فوجی جوانوں نے پڑوسی ملک پاکستان کے دراندازی کرنے والوں کو انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف روکا بلکہ ہماری سرحد میں داخلے کی جرأتمندی کا مظاہرہ کرنے والے دراندازوں کو موت کے گھاٹ اتار کر پاکستانی فوجیوں کو پچھلے پاؤں فرار ہونے پر مجبور کردیا تھا۔ اس دلیرانہ مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بھارت کے دلیر نوجوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کی گئی۔ قبل ازیں این سی سی کے نوجوانوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن تا امبیڈکر چوراستہ تک ریالی نکالی اور کارگل وجئے دیوس کی 25 ویں سالگرہ کا جشن منایا۔