منتخب قائدین اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے سبب متاثرین کی تعدادمیں تشویشناک حد تک اضافہ
بودھن۔ بودھن شہر میں کوویڈ 19کا قہر جاری ہے۔ اس موذی مرض کا شکار بن کر فوت ہونے والوں میں ٹی آر ایس پارٹی فلور لیڈر بلدیہ بودھن آنجہانی جی پراساد بھی شامل ہیں اور مزید دو ارکان بلدیہ اور ان کے افراد خاندان حیدرآباد کے کارپوریٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ تاحال شہر میں 136 افراد اس مرض میں مبتلاء ہوچکے۔ مقامی انتظامیہ نے شہر کے دو علاقوں رکاس پیٹ کے 68 اور پان گلی کے 859 مکانوں کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کردیا جبکہ ان دو خصوصی علاقوں میں سب سے زیادہ علی الترتیب 20 اور 40پازیٹیو کیسس پائے گئے۔ مقامی انتظامیہ کوویڈ 19 پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ثابت ہورہا ہے۔ روزانہ اوسط 20 مشتبہ افراد کی جانچ کی جارہی ہے جن میں سے 25 فیصد ( اوسط 5) کوویڈ 19 سے متاثر مریض پائے جارہے ہیں۔ بودھن شہر کے اطراف و اکناف کے دیہی علاقوں منڈلوں میں وباء کی عوام رضاکارانہ طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں لیکن بودھن شہر میں حسب معمول چہل پہل جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ و قائدین میں عدم تال میل کے سبب کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ ارکان بلدیہ اور صدر نشین بلدیہ کو چاہیئے کہ وہ کوویڈ 19 پر قابو پانے کے واحد طریقہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل درآمد کرنے بلدیہ کا خصوصی اجلاس طلب کریں اور ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کریں۔ ورنہ منتخبہ کونسل کیا کوویڈ 19 کے تعلق سے عدم دلچسپی کا خمیازہ شہریان بودھن اور انہیں خود بھی بھگتنا پڑسکتا ہے۔