چہارشنبہ کو 94 مریضوں کے معائنہ پر 39 کی مثبت رپورٹ
بودھن : بودھن شہر میں ان دنوں کورونا وائرس کا قہر اپنے عروج پر ہے ۔ بودھن پولیس اسٹیشن بری طرح وائرس کی لپیٹ میں آچکا ہے ۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران تقریباً 12 پولیس ملازمین وائرس سے متاثر پائے گئے ۔ آج آٹھ ڈیوٹی کانسٹیبلس کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ایک کی رپورٹ پازیٹیو پائی گئی ۔ پولیس اسٹیشن کے باب الداخلہ پر پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے والے ہر شخص کو ماسک لگانے کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت درج ہے ۔ مسلسل مختلف ذرائع سے کوویڈ کی روک تھام کیلئے عوام کو احتیاط برتنے کی پولیس اور محکمہ صحت و طبابت کے عہدیدار ہدایتیں جاری کررہے ہیں لیکن بودھن شہر میں کورونا وائرس قابو میں آنے کے بجائے روزآنہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ورہا ہے ۔ گزشتہ روز گورنمنٹ ہاسپٹل بودھن میں تقریباً ایک سو افراد کا ٹسٹ کیا گیا جن میں 30 کی رپورٹ مثبت پائی گئی اور آج 94 مشتبہ مریضوں کا معائنہ کیا جن میں سے 39 افراد کوویڈ 19 سے متاثر پائے گئے۔