بودھن ڈیویژن میں آج صبح سے رائے دہی کا آغاز

   

نظام آباد؍ بودھن: 10؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سب کلکٹربودھن وکاس میتھونے کہا کہ ضلع کے بودھن ڈویژن میں پہلی مرحلہ کی گرام پنچایت انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور پولنگ عملے، مٹیریل کی تقسیم اور نقل و عمل سے متعلق کارروائیاں آخری مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں بودھن، چندور، کوٹگیری، موسرا، پوتنگل، رنجل، رودرور، سالورہ، ورنی، ایڑپلی اور نوی پیٹ منڈلوں کے مختلف دیہاتوں میں 11 ؍دسمبر کو صبح سات بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوگا۔ جس کیلئے آج صبح سے ہی مقامی منڈل پریشد آفس میں پولنگ میٹریل کی تقسیم جاری ہے۔ حکام نے پولنگ عملہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ صبح کے اوائل میں رپورٹ کریں، جبکہ پریزائیڈنگ افسران کی نگرانی میں ٹیمیں دوپہر سے شام کے درمیان اپنے متعلقہ مراکز روانہ ہوں گی۔ عملہ کی منتقلی کیلئے 59 روٹس مختص کیے گئے ہیں اور یکساں نقل و عمل کیلئے موثر انتظام کیا گیا ہے۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق پہلی مرحلہ کی پولنگ 11 ؍دسمبر کو صبح سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک منعقد ہوگی۔ اس مرحلہ میں 155 سرپنچ حلقوں کیلئے 546 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ 1,060 وارڈ نشستوں کیلئے 3,067 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 2,48,585 ووٹرز رائے دہی میں حصہ لیں گے جن کیلئے 1,440 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی پولنگ کے اختتام کے بعد دوپہر دو بجے سے شروع کی جائے گی۔ ضلع کے انتخابی انتظامات کے تحت 1,741 پریزائیڈنگ افسران اور 2,350 اسسٹنٹ افسران کو ڈیوٹی پر مقرر کیا گیا ہے۔