بودھن کو روہنگیائی مرکز قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش

   

Ferty9 Clinic

مسلمانوں کیخلاف ہمیشہ زہراگلنے کا ڈی اروند پر الزام ، رکن اسمبلی شکیل عامر کی پریس کانفرنس

بودھن : شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن نے یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں گشتہ دنوں ایم پی نظام آباد اروند کی جانب سے بودھن کے پتہ پر جاری ہوئے غیر مجاز پاسپورٹس کی اجرائی پر کے سی آر اور تلنگانہ حکومت پر عائد کردہ الزامات پر شکیل عامر نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کو پاسپورٹ کی اجرائی کا اختیار مرکزی حکومت کو حاصل ہے نہ کہ ریاستی سرکاری کو شکیل عامر نے کہا کہ ایم پی اروند کو چاہیئے کہ غیر مجاز پاسپورٹس کی اجرائی کے ذمہ دار ریجنل پاسپورٹ آفیسر کیخلاف و مرکزی وزیر داخلہ سے رجوع ہوں ۔ سرحدوں کی نگرانی میں ناکام وزارت داخلہ کی ناکامیوں سے واقف کروانے ایم پی نظام آباد کو چاہیئے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے استفسار کریں ۔ شکیل عامر نے کہاکہ ڈی اروند جب کبھی بھی اپنا منہ کھولتے ہیں تو صرف مسلم اقلیت کے خلاف زہر اگلتے ہیں ۔ شکیل عامر نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ اروند یہ کیوں فراموش کرچکے ہیں کہ ان کے والد ٹی آر ایس رکن راجیہ سبھا کو سیاسی اُق پر پہنچانے والے نظام آباد کے مسلمان ہی تو ہے ۔ اروند کیوں بھول رہے ہیں کہ ہمارے ملک کی بنیادیں جمہوری نظام پر قائم ہے ۔ اگر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت کو وہ بدعنوان سمجھتے ہیں تو پھر اپنے والد کو راجیہ سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی ترغیب کیوں نہیں دے رہے ہیں ۔نظام آباد کے رائے دہندوں کو اروند بار بار دھوکہ نہیں دے سکتے ۔ شکیل عامر نے چیلنج کیا کہ اگر اروند دوسری میعاد کیلئے منتخب ہوں تو شکیل عامر سیاست سے کنارہ کشی کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں کہیں بھی بی جے پی کی سرکاریں برسراقتدار ہے وہاں کی عوام پریشان حال ہے ریاست تلنگانہ میں کوئی بھی قابل ذکر عوامی مسائل نہ ہونے کی وجہ سے اروند بودھن کو روہنگیاؤں کا مرکز قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یہ کبھی مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے ہیں تو کبھی اویسی کا نام لے کر مسلمانوں کی حب الوطنی پر شک و شبہات کا کھلے عام ذکر کرتے ہیں ۔