بودھن۔/7 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج صبح چھ بجے بودھن شہر کے مضافات میں واقع آٹو نگر کالونی میں پولیس کی جانب سے خصوصی تلاشی مہم چلائی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر پولیس بودھن کرن کمار اور ایس ایچ او بودھن پریم کمار سمیت جملہ 80 پولیس عہدیداروں نے حصہ لیا۔ اس تلاشی مہم کے دوران13 موٹر بائیکس اور تین آٹو رکشا بغیر دستاویزات کے پائے گئے جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس موقع پر آٹو نگر کے شہریوں سے اے سی پی بودھن نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے سی سی کیمرے کافی کارآمد ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے مقامی افراد کو اپنے علاقے میں کیمرے نصب کرلینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے موٹر سیکل سواروں کو آر ٹی اے کے قواعد کے مطابق ہیلمٹ پہننے اور اپنی رفتار پر قابو رکھنے کی ہدایت دی۔ یہ کارڈن سرچ مہم صبح 6 بجے سے 8 بجے تک جاری رہی۔