بودھن کے مشتبہ متاثرین قرنطینہ میں رپورٹس کے منتظر

   

بودھن۔12 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد میں کووڈ 19 مرض کی علامتیں پائے جانے کے بعد انہیں چار اپریل کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جنہیں پہلے سے ہی رنجل منڈل کے قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا تھا۔ ان مشتبہ متاثرہ مریضوں کے قریبی رشتہ داروں کو 6 اپریل کو بودھن کے مضافات میں موجود قرنطینہ مرکز کو منتقل کردیا۔ جن کی جملہ تعداد 31 ہے۔ دو دن قبل حیدرآباد سے ایک خصوصی ٹیم بودھن پہونچی اور یہاں قرنطینہ مرکز میں موجود افراد کے مخصوص نمونے ناک و حلق سے حاصل کرکے روانہ ہوںگئے۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے ہاسپٹل میں بند 31 افراد جو اپنی طبی رپورٹس کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پڑوسی شہر بانسوارہ کے تقریباً 60 مشتبہ مریضوں کو قرنطین کیا گیا تھا جن کی طبی معائنے کی رپورٹ صرف 48 گھنٹوں میں وصول ہوئی جو منفی پائی گئی تھی جنہیں بعدازاں اپنے گھروں میں ہی 15 دنوں تک علیحدہ رہنے کی ہدایت دے کر روانہ کردیا گیا۔ یہاں بودھن شہر کے جن علاقوں میں کووڈ19 کے مشتبہ مریض پائے گئے ان علاقوں کو مقامی انتظامیہ نے ریڈ زون قرار دے دیا اور ان علاقوں کی عوام کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد کردی گئی اور ان مخصوص علاقوں اور شہر کی اہم سڑکوں کی پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعہ ان پر نظر رکھی ہے۔