ڈاکٹرس کی کمی سے مریضوں کو شدید مشکلات، غریب افراد کو دشواریاں
بودھن۔ 4؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ حالیہ ہوئے سرکاری ملازمین کے تبادلوں کا اثر بودھن کے گورنمنٹ ضلع ہاسپٹل پر پڑتا ہوا نظر آرہا ہے۔ پہلے سے ہی بودھن ہاسپٹل میں 10 ڈاکٹرس کی شدید ضرورت محسوس ہورہی تھی۔ اس دوران یہاں برسرخدمت 10 ڈاکٹرس میں سے 4 ڈاکٹرس ایک آرتھوپیڈک، پالمانالوجسٹ اور دو فزیشین کا تبادلہ دوسرے دواخانوں کو عمل میں آیا۔ ان چار مخلوعہ ڈاکٹرس کی اسامیوں میں سے صرف دو ڈاکٹرس جن میں ایک گیاناکالوجسٹ اور ایک پیڈریاٹریشن کا بودھن ضلع ہاسپٹل کو تبادلہ عمل میں آیا جب کہ 100 بیڈس کے ضلع ہاسپٹل بودھن کے لئے کم از کم 27 ڈاکٹرس کی خدمات اشد ضروری ہے۔ یہاں بودھن کے سرکاری دواخانہ میں ڈاکٹرس کی قلت کے باعث غریب مریضوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران بودھن گورنمنٹ ہاسپٹلس سے ماہ اپریل کے دوران 13,017 آؤٹ پیشنٹ اور 906 اِن پیشنٹ اور مختلف سرجریوں کے لئے 51 اور زچگیوں کے لئے 84 خواتین بودھن سرکاری دواخانہ سے رجوع ہوئے۔ آؤٹ پیشنٹ اور اِن پیشنٹ کی ماہ جولائی تک اوسط تعداد میں کوئی زیادہ فرق نظر نہیں آیا، لیکن جولائی 2024ء کے دوران بودھن گورنمنٹ ہاسپٹل میں صرف پانچ افراد کی سرجری ہوئی اور 24 زچگیاں ہاسپٹل میں انجام پائیں۔ ڈاکٹرس کی قلت کے باعث بودھن اور اطراف و اکناف کے مواضعات کے غریب افراد کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بعض قائدین نے بودھن گورنمنٹ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کی قلت کی جانب آر ڈی او بودھن و ضلع انتظامیہ کی توجہ مبذول کروائی، لیکن تاحال لاحاصل رہا۔ ویدیہ ودھانا پریشد ریاست تلنگانہ کو چاہئے کہ وہ بودھن ضلع ہاسپٹل میں موجود ڈاکٹرس کی مخلوعہ اسامیوں پر فوری طور پر بھرتی کے لئے مثبت انتظامات کریں۔