حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) راجندر نگر علاقہ میں گذشتہ دو ہفتوں سے گھومنے والے بور بچہ کو پھر ایک مرتبہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی کے قریب دیکھا گیا۔ بور بچہ کی تازہ نقل و حرکت سے راجندر نگر اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں کے افراد میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ہے۔ پولیس نے محکمہ جنگلات کے عملے کے ساتھ اس بوربچہ کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ گزشتہ ماہ قومی شاہراہ 7 پر بوربچہ کو پہلی مرتبہ دیکھا گیا تھا اور اس علاقہ میں کثیر تعداد میں ہجوم جمع ہونے کے نتیجہ میں وہ قریب کے فارم ہاوز میں گھس پڑا اور وہاں سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ کچھ دن بعد اسی بور بچہ کو حمایت ساگر کے قریب دیکھا گیا اور گزشتہ ہفتہ گگن پہاڑ کے صنعتی علاقہ اور راجندر نگر اگریکلچرل یونیورسٹی میں بھی دیکھا گیا۔ اس بور بچہ کی نقل و حرکت کو سی سی ٹی وی کیمروں میں قید کیا گیا ہے اور یہ تصویریں عام ہونے پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم بوربچہ کو پکڑنے کیلئے مسلسل کام کررہی ہے اور عنقریب اسے پکڑلیا جائے گا۔