بورنگ میڈیکل کالج کی اولین گورننگ کونسل میٹنگ

   

112 ماہر ڈاکٹروں کے تقرر اور افزود وینٹی لیٹرس کی خریدی کا فیصلہ
بنگلورو:12 ؍فروری(سیاست نیوز)بورنگ اینڈ لیڈی کرزن میڈیکل کالج کی گورننگ کونسل کا اولین اجلاس آج وزیر برائے طبی تعلیمات ای تکارام اور میڈیکل کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب سینئر رہنما و شیواجی نگر کے رکن اسمبلی آر روشن بیگ کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔جس میں جناب روشن بیگ نے میڈیکل کالج کے لئے درکار بنیادی سہولیات اور عملے کے تقرر پر زور دیا جس کی بنیاد پر 6 پروفیسرس،15 اسوسی ایٹ پروفیسرس، 28 اسسٹنٹ پروفیسرس کے علاوہ سینئر ریسیڈنٹس، جونیئر ریسیڈنٹس اور ٹیوٹرس سمیت 112 ڈاکٹروں کے فوری تقرر کا فیصلہ لیا گیا۔علاوہ ازیں میڈیکل کالج کے لئے درکار طبی آلات کی خریدی کے لئے ٹنڈر طلب کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔جناب روشن بیگ نے بتایا کہ امراض نسوان کی گوشہ اسپتال 140 بستروں پر مشتمل ہے جہاں پر زچہ اور بچہ کے لئے ایک بھی وینٹی لیٹر نہیں ہے۔ایسے میں فوری طور پر وینٹی لیٹرس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔جس پر اعلیٰ سطحی اجلاس نے بالغوں کے لئے 4 اور نومولود 10 وینٹی لیٹرس کی خریدی کا فیصلہ لیا گیا۔اسی طرح انہوں نے بتایا کہ بورنگ اسپتال میں فی الحال 14 وینٹی لیٹرس ہیں جو ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔ایسے میں کم از کم 25 وینٹی لیٹرس کی فراہمی کے علاوہ اس کے لئے درکار عملے کے تقرر کی ضرورت ہے۔جس پر اجلاس نے منظوری دیتے ہوئے درکار وینٹی لیٹرس خریدنے کا فیصلہ لیا۔اسی طرح بورنگ اسپتال میں سی ٹی اسکیان ، ایم آر آئی اور سینٹرل لیاب کی تجدید کے علاوہ نئے آلات کی خریدی کے لئے ٹنڈر طلب کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔جناب روشن بیگ کی درخواست پر وزیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ اسپتال کے مریضوں کو درکار ادویات کی فہرست تیار کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسپتال میں تمام ادویات دستیاب رہیں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگلے تعلیمی سال سے ہی بورنگ میڈیکل کالج کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں۔اس خصوص میں درکار تمام دستاویزات میڈیکل کونسل آف انڈیا کو فراہم کردی گئی ہیں۔اسی طرح بورنگ اسپتال میں مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر بستروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ کارڈیالوجی، نیوروسرجری، نفرالوجی، نیورو لوجی، میڈیکل گیاسٹروانٹرالوجی کے شعبوں کے قیام کیلئے حکومت کو تجویز روانہ کرنے کی تاکید کی گئی۔اس موقعے پر بورنگ میڈیکل کالج کے کوآرڈینیٹر خواجہ معین الدین کو ہدایت دی گئی کہ وزیر برائے طبی تعلیمات اور جناب آر روشن بیگ کے مشترکہ دورۂ بورنگ اسپتال کیلئے تاریخ مقرر کی جائے۔اس موقع پر راجیو گاندھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر سچیدا نندا محکمہ طبی تعلیمات کے پرنسپل سکریٹری جاوید اختر، محکمے کے ڈپٹی سکریٹری چندر شیکھر، ڈائرکٹر برائے طبی تعلیمات ڈاکٹر گریش، بورنگ میڈیکل کے ڈیم وڈائرکٹر ڈاکٹر منجو ناتھ، فائنانشیل اڈوائزر رگھو کے علاوہ دیگر موجود تھے۔