مرکز، ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو سپریم کورٹ کی نوٹس
نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ملک بھر کے مختلف مقامات پر کھلے ، ناکارہ اور استعمال نہ کئے جانے والے بورویلز میں بچوںکی گرنے کے سبب ہونے والی اموات کو روکنے میں ناکام حکام کے خلاف کارروائی کیلئے دائر کردہ درخواست پر مرکز ، ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے جواب طلب کیا ہے ۔ جسٹس ارون مشرا اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل ایک بنچ نے جی ایس منی ایڈوکیٹ کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر سماعت سے اتفاق کرلیا ہے جنہوں نے عدالت عظمیٰ کی طرف سے 2010 ء میں جاری کردہ ہدایت پر تعمیل نہ کرنے والے خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کیلئے حکام کو ہدایت دینے کی استدعا کی تھی۔ بنچ نے مرکز ، ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس ضمن میں اپنے جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔