شملہ: ہندوستان میں بڑھتے کووڈ معاملوں کے درمیان کئی ریاستوں میں حالات خوفناک ہیں۔ ہماچل پردیش میں بھی کووڈ کے تازہ معاملے تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ ریاست کے ایک بورڈنگ اسکول میں 49 طلبا اور ملازمین کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ خبروں کے مطابق سولن ضلع واقع دھرم پور شہر کے پاس پائنگروو اسکول کے کل 49 اسٹاف اور طلبا کورونا وائرس ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سولن ضلع میں دو دیگر اسکولوں میں پازیٹو معاملوں کی کل تعداد بڑھ کر 150 ہو گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے سی چمن نے اس تعلق سے بتایا کہ دھرم پور اور سبادھو میں پائنگروو اسکولوں میں حالات خوفناک تھے۔ دونوں اسکولوں کو کنٹمنٹ زون قرار دے دیا گیا ہے۔ اس سے قبل چمبا ضلع کے ایک اہم بورڈنگ اسکول ڈلہوزی پبلک اسکول میں بھی 122 افراد کے کورونا پازیٹو ہونے کی اطلاع ملی تھی جن میں 99 طلبا اور 23 ارکان اسٹاف تھے۔
