حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے دونوں ریاستوں کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو ہدایت دی ہے کہ اسٹاف کی تقسیم کا کام تین ماہ میں مکمل کرلیں۔ عدالت نے 2 جون 2014 ء کے مطابق ملازمین کی سینیاریٹی لسٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نئی ریاست کے قیام کے باوجود بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ملازمین کی عدم تقسیم پر عدالت نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ اور جسٹس ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہا کہ 7 برس گزرنے کے باوجود ملازمین کی تقسیم عمل میں نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوںکے عہدیداروں کو باہمی مشاورت سے اندرون دو ماہ گائیڈ لائینس تیار کرنا چاہئے ۔ تین ماہ میں ملازمین کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا جائے ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ آندھراپردیش کے تین ملازمین نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے مطابق ملازمین کی تقسیم عمل میں نہیں آئی ہے۔