حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی تلگو ریاستوں میں عدم تقسیم پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ریاست کو تقسیم ہوئے 6 سال اور 6 ماہ گذر گئے لیکن انٹر میڈیٹ بورڈ کے ملازمین کو تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان تقسیم نہیں کیا گیا۔ جسٹس ایم ایس رامچندراراؤ اور جسٹس ٹی ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہا کہ اس معاملہ سے نمٹنے والے اعلیٰ عہدیدار بے حِسی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ملازمین اور اساتذہ کی تقسیم کے سلسلہ میں دونوں ریاستوں کے نظم و نسق کی کوتاہی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے تحت شیڈول IX میں 100 سے زائد اداروں کو شامل کیا گیا اور ان میں سے کئی اداروں کی تقسیم کا عمل زیر التواء ہے اور اس کی وجوہات سے کوئی بھی واقف نہیں۔ نظم و نسق کا یہ رویہ ملازمین کی کارکردگی پر اثر انداز ہورہا ہے اور ملازمین سڑکوں پر آچکے ہیں۔ کئی ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ ڈیویژن بنچ نے اعلیٰ عہدیداروں پر تنقید کی اور کہا کہ ملازمین تو تنخواہ سے محروم ہیں لیکن آپ لوگ مقررہ وقت پر تنخواہیں حاصل کررہے ہیں۔ انٹر میڈیٹ بورڈ کے ملازمین کی درخواست پر ڈیویژن بنچ نے اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔