حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کو نقائص سے پاک اور اس میں بے قاعدگیاں اور غلطیاں نہ ہونے دینے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے مقررہ ماہرین کی کمیٹی کے مشوروں اور تجاویز پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کی کمیٹی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو انٹرمیڈیٹ امتحانات اور پرچوں کی جانچ وغیرہ کے سلسلہ میں کئی مشورے دیئے ہیں چنانچہ ان مشوروں اور سفارشات کے پیش نظر بورڈ نے اب ایک دن میں مقررہ تعداد کے جوابی بیاضات سے زیادہ کی جانچ کے لئے ممتحن پر دباؤ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے رہنمایانہ خطوط تیار کئے جارہے ہیں۔ نیز تھیوری اور پراکٹیکل کے تمام امتحانی مراکز اور جوابی بیاضات کی جانچ کے مراکز پر بھی سی سی ٹی وی نصب کئے جائیں گے۔ سی سی ٹی ویز کی نگرانی بورڈ کے ہیڈکوارٹرس حیدرآباد سے کی جائے گی تاکہ رہنمایانہ خطوط جو جاری کئے گئے ہیں اس پر عمل یقینی ہو۔