بورہ بنڈہ میں طرہ باز خاں کمیونٹی ہال کی آہک پاشی

   

شادی بیاہ و دیگر تقاریب کے لیے قابل استعمال ، محمد بابا فصیح الدین کی خصوصی دلچسپی پر عوام کا اظہار مسرت
حیدرآباد :۔ بورا بنڈہ علاقہ میں واقع طرہ باز خاں کمیونٹی ہال کی آہک پاشی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ دکن حیدرآباد کے پہلے مجاہد آزادی طرہ باز خاں کے نام سے موسوم یہ کمیونٹی ہال دکن کی سرزمین کی پہلی نشانی جو طرہ باز حاں کے نام سے موسوم کی گئی ہے ۔ انگریزوں کے خلاف جنگی آزادی کا اعلان کرتے ہوئے کنگ کوٹھی میں انگریزوں پر حملہ کرتے ہوئے طرہ باز خاں نے اپنی دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مثال قائم کی تھی اور آج تاریح کے پنوں میں ان کا نام دکھائی نہیں دیتا اور دکن سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد ان کی تاریخ سے واقف نہیں ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے طرہ باز خاں کے نام سے کمیونٹی ہال تعمیر کیا ۔ لو کالونی اسوسی ایشن سے دیڑھ کروڑ روپئے میں اراضی حاصل کرتے ہوئے تقریبا دیڑھ کروڑ سے عوامی خدمات کے لیے بورا بنڈہ میں کمیونٹی ہال قائم کیا گیا اور اس کمیونٹی ہال کو طرہ باز خاں کا نام دیا گیا ۔ بابا فصیح الدین نے پہلے اسٹانڈنگ کمیٹی میں اور پھر بعد بلدیہ کے جنرل باڈی اجلاس میں اپنی سفارش کو منظور کروالیا اور بڑی انتھک جدوجہد سے کمیونٹی ہال کو طرہ باز خاں کے نام سے موسوم کردیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج یہ کمیونٹی ہال اپنے وسیع و عریض پیمانے و کشادگی سے بورا بنڈہ میں اپنی الگ شناخت رکھتا ہے ۔ اور ہر اس شخص کے لیے طرہ باز خاں کی تاریخ سے واقفیت کا سبب بنتا جارہا ہے جو کل تک طرہ بازخاں کے نام سے واقف نہیں تھے ۔ ڈپٹی مئیر کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے تھے کہ اس شہید مجاہد آزآدی سے شہر حیدرآباد کا ہر شہری واقف ہو اور وہ مقصد میں کامیاب ہورہے ہیں ۔ بابا فصیح الدین نے کہا کہ بورا بنڈہ علاقہ کی عوام کے لیے یہ کمیونٹی ہال بہت ہی فائدہ مند اور سہولت بخش ثابت ہورہا ہے اور اس کمیونٹی ہال میں شادی بیاہ ، سیاسی اور سماجی تقاریب کے علاوہ پولیس کے اجلاس بھی منعقد ہوتے ہیں ۔ عوامی خدمات کے ساتھ ساتھ تاریخ کو زندہ رکھنے کا ان کا مقصد سود مند ثابت ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مزید ترقیاتی کام انجام دئیے جائیں گے ۔۔