سراجیوو۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی صنعت کار پرمود متل جو اسٹیل کے نامور اور مالدار ترین صنعت کار لکشمی متل کے بھائی ہیں، کو دھوکہ دہی اور اختیارات کے بے جا استعمال کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے جو لوکاویک نامی مقام پر کوکنگ پلانٹ چلانے سے مربوط ہے جس کے پرمود متل 2003ء سے معاون نگران کار ہیں۔ GIKIL نامی سوپروائزری بورڈ کے صدر پرمود متل کو پولیس نے پراسیکیوٹر کے حکم پر گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ GIKIL کی 2003ء میں تشکیل عمل میں آئی تھی جس کی نگران کار پرمود متل کی گلوبل اسٹیل ہولڈنگس اور ایک مقامی کمپنی (KHK) تھی۔ لوکاویک میں واقع کوگنگ پلانٹ میں ایک ہزار افراد ملازم ہیں۔ پرمود متل کے علاوہ دیگر دو عہدیداران جنرل مینیجر پرمیش بھٹا چاریہ اور سوپر وائزری بورڈ کے ایک رکن کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن پر ’’منظم جرم‘‘ کے ارتکاب کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
چین میں زمین کھسکنے سے 14ہلاک
بیجنگ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی چین کے ایک موضع میں زمین کھسکنے کے واقعہ میں 14 افراد ہلاک اور 34 افراد لاپتہ ہوگئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ چین کے غیزو صوبہ میں یہ دلسوز واقعہ رونما ہوا جس میں 21 مکانات دفن ہوگئے جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا اس وقت وہاں 50 افراد رہائش پذیر تھے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژینہوا کے مطابق اب تک 11 افراد کے ہلاک ہونے کی توثیق کی گئی ہے جبکہ 11 افراد کو بچا لیا گیا ہے البتہ 34 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ بچاؤ اور راحت کاری جاری ہے۔
