بوسنیا و ہرزیگووینا میں استحکام فورس کی مدت میں توسیع

   

اقوام متحدہ۔ یکم؍ نومبر (یو این آئی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے جمعہ کے روز بوسنیا و ہرزیگووینا میں یوروپی یونین کی قیادت میں قائم استحکام فورس (ای یو ایف او آر التھیا) کے مینڈیٹ میں مزید 12 ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی۔ سلامتی کونسل کے 15 ارکان نے متفقہ طور پر قرارداد 2795 منظور کی، جس کے تحت یورپی یونین فورس التھیا (ای یو ایف او آر التھیا) اور نیٹو کی موجودگی کو قرارداد کی منظوری کی تاریخ سے اگلے 12 مہینے کے لیے دوبارہ اجازت دی گئی ہے ۔ ای یو ایف او آر التھیا، جو پہلے نیٹو کے زیر قیادت استحکام فورس کی جگہ قائم کی گئی تھی، 1995 کے ڈیٹن امن معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کرتی ہے ۔ یہی معاہدہ تھا جس کے نتیجے میں 1992 سے 1995 تک جاری بوسنیا کی خانہ جنگی ختم ہوئی۔ اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر یوفور التھیا یا نیٹو کی موجودگی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور دونوں اداروں کو اپنے مشن کی تکمیل میں مدد فراہم کریں۔ مزید برآں، یہ قرارداد یوفور التھیا اور نیٹو، دونوں کو حملے یا حملے کے خطرے کی صورت میں اپنے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق بھی تسلیم کرتی ہے ۔