جے پور۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 15 سال سے 18 سال کے درمیان کے بچوں کو بوسٹر خوراک اور ٹیکے لگانے کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اس اعلان پر گہلوت نے کہا‘‘مجھے خوشی ہے کہ آج ہمارے مطالبے کو قبول کرتے ہوئے وزیر اعظم نے 15 سال سے 18 سال تک کے بچوں کی بوسٹر خوراک اور ٹیکے لگانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین اور کووڈ پروٹوکول ہی کووڈ سے لڑنے کا واحد طریقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی رائے کے مطابق ہم نے کئی بار لکھ کر وزیر اعظم سے کووڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز اور بچوں کے لیے ویکسین کے حوالے سے رہنما خطوط جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ کووڈ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹیکہ اندازی کروائیں اور چھٹی کے اس موسم میں کووڈ پروٹوکول کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔