بولنگ کوچ مورکل نے پانڈیا کی غلطی درست کی

   

گوالیار ۔ بنگلہ دیش کو ٹسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست دینے کے بعد ٹیم انڈیا کا اگلا مقصد اسے ٹی 20 سیریز میں بھی کلین سویپ کرنا ہوگا۔ اس کے لیے ٹیم انڈیا نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے گوالیار میں بہت پسینہ بہایا اور بالخصوص بولروں نے نیٹ میں بہت محنت کی۔ ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی بولنگ کی مشق کرتے نظر آئے اور وہ پوری طاقت کے ساتھ بولنگ کرتے نظر آئے۔ تاہم پریکٹس کیمپ سے ایسی اطلاعات آرہی ہیں کہ بولنگ کوچ مورنی مورکل اس کھلاڑی سے خوش نظر نہیں آئے۔ رپورٹ کے مطابق ہاردک پانڈیا نے نیٹ میں اچھی بولنگ کی لیکن بولنگ کوچ مورکل ان سے خوش نہیں تھے۔ مورکل ہر بولر پرگہری نظر رکھے ہوئے تھے اور پانڈیا ایک غلطی کر رہے تھے جس سے وہ ناخوش تھے۔ اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو پانڈیا اسٹمپ کے بالکل قریب گیند کررہے تھے۔ اس کے بعد مورکل نے ان سے بات کی اور پھر ان کی خامیوں کے بارے میں بتایا۔ مورکل نے پانڈیا کے ریلیز پوائنٹ کو بھی درست کیا اور اچھی بات یہ ہے کہ آل راؤنڈر نے اس پر بہت محنت کی۔ ٹی20 سیریز میں نظریں ہاردک پانڈیا پر ہوں گی۔ اس کھلاڑی نے سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلی جہاں انہوں نے دو میچوں میں 31 کی اوسط سے 31 رنز دئے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ اب پانڈیا سے بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کی امید کی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب ہاردک پانڈیا جیسا کھلاڑی ٹیم انڈیا میں شامل ہوگیا ہے۔ اسکواڈ میں نتیش ریڈی بھی شامل ہیں جو ہاردک پانڈیا کی طرح میڈیم پیس آل راؤنڈر ہیں۔ اگر وہ اس سیریز میں رنز بناتے ہیں تو ظاہر ہے ہاردک پانڈیا پر دباؤ بڑھ جائے گا۔یادرہے کہ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ٹسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست دی ہے اور اب دونوں ٹیمیں ٹی 20 سیریز کی تیاریاں شروع کرچکی ہیں جس میں پانڈیا کے مظاہروں پر نظریں مرکوز ہیں