نئی دہلی، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بنگلور میں کانگریس صدر راہل گاندھی کے آئی ٹی ماہرین سے ایک بات چیت کے پروگرام میں مسٹر راہل گاندھی سے سوال کرنے والے نوجوانوں کو گرفتار کئے جانے کی آج سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بولنے کی آزادی چھیننے کے معاملے میں کانگریس سب سے آگے ہے ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کے خلاف عدم رواداری اور تاناشاہی کا الزام لگایا جاتا ہے لیکن پیر کے روز مسٹر راہل گاندھی بنگلور میں اسٹارٹ اپ والے آئی ٹی ماہرین کے ساتھ ایک بات چیت پروگرام میں تھے ،جہاں کچھ پیشہ ور ماہرین نے ان سے سوال پوچھنے کی کوشش کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی تھی۔ ان لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مسٹر روی شنکرپرساد نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کے دو چہرے ہیں۔ ایک چہرہ وہ ہے جب مسٹر راہل گاندھی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے گینگ کے ساتھ کھڑے ہو گئے تھے ۔ جس کے لئے آج تک انہوں نے ایک بار بھی معافی نہیں مانگی۔ دوسرا چہرہ وہ ہے جب مخالف خیال رکھنے والے آئی ٹی ماہرین کی بولنے کی آزادی چھینی جا رہی ہے ۔ ان کی رہنمائی میں تکنیکی پیشہ ورو ں کے ساتھ کیا برتاؤ ہو رہا ہے ۔ بی جے پی اس سلوک کی مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی ہمیں نصیحت دینے کی بجائے ، ہم سے سیکھیں، سب کو سوال پوچھنے کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بولنے کی آزادی سب سے زیادہ کانگریس لیڈروں کی کانگریس کے اندر چھینی گئی ہے ۔ کوئی اپنا منہ کھولنے کی حالت میں نہیں ہے ، اگرچہ پارٹی گڈھے میں چلی جائے ۔