بولڈ کی واپسی ، جیمی سن کی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت

   

Ferty9 Clinic

ویلنگٹن ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مکمل صحتیاب ہوچکے سینئر فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو ہندوستان کے خلاف 21 فبروری کو شروع ہونے والی دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کیلئے معلنہ 13 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ سے جاری کردہ بیان کے بموجب 6 فٹ 8 انچ کے طویل قامت کائل جیمی سن جنہوں نے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں بین الاقوامی کریئر کا شاندار انداز میں آغاز کیا انہیں بھی ٹسٹ ٹیم میں طلب کیا گیا ہے جبکہ پہلی مرتبہ ٹیم میں واحد اسپنر کیلئے اعجاز پٹیل پر سلیکٹروں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کیلئے بولٹ کی واپسی کافی حوصلہ افزاء ہے جوکہ سیدھے ہاتھ میں تکلیف کے باعث ہندوستان کے خلاف محدود اوورس کی کرکٹ نہیں کھیل پائے تھے۔ نیوزی لینڈ کے چیف سلیکٹر گیری اسٹیڈ نے معلنہ ٹیم پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر انتہائی شاندار ہیکہ ٹرینٹ بولٹ کی ٹیم میں واپسی ہوچکی ہے جوکہ تجربہ کار ہونے کی وجہ سے ٹیم میں توازن پیدا کرنے کے علاوہ ٹیم کی توانائی میں بھی اضافہ کریں گے۔ دوسری جانب جیمی سن جنہیں پہلی مرتبہ ٹسٹ ٹیم میں بھی موقع دیا گیا ہے اور وہ گذشتہ برس آسٹریلیا میں ڈسمبر کے دوران زخمی ہونے والے لوکی فیرگوسن کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے۔
ٹیلر کا 100 واں ٹسٹ
ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے معلنہ 13 رکنی ٹیم میں شامل سینئر بیٹسمین راس ٹیلر اپنے کریئر کا 100 ٹسٹ کھیلیں گے۔ اس طرح وہ سابق کھلاڑیوں برنڈن مکالم، ڈینیل وٹوری اور اسٹیفن فلیمنگ کا ریکارڈ برابرکریں گے۔ علاوہ ازیں تینوں طرز کی کرکٹ میں 100 ٹسٹ کھیلنے والے ٹیلر پہلے کھلاڑی ہیں۔