لاپاز : جنوبی امریکہ کے ملک بولیویا نے غزہ میں جاری حملوں کی وجہ سے اسرائیل کے ساتھ “سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا ” اعلان کیا ہے۔صدارتی ترجمان ‘ماریہ نیلا پرادا’ اور نائب وزیر خارجہ فریڈی مامانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔مامانی نے کہا ہے کہ اس پریس کانفرنس کا انعقاد مشرق وسطیٰ میں درپیش خطرناک حالات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ بولیویا نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمارا ملک قبل ازیں بھی مسئلہ فلسطین کے بارے میں دو سرکاری بیان جاری کر چْکا ہے”۔مامانی نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سمجھوتے کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ “بولیویا، انسانی حقوق کے عالمگیر میمورینڈم میں درج ہر طرح کے ظالمانہ، غیر انسانی اور حقارت آمیز طرزعمل کو مسترد کرتا ہے”۔