بونال تہوار کے پیش نظر سخت ترین صیانتی انتظامات

   

امن کو بگاڑنے کی کوشش پر سخت اقدامات۔ دیویندر سنگھ چوہان کمشنر راچہ کنڈہ
حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) مذہبی بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور امن کو بگاڑنے کی کوششیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر دیویندر سنگھ چوہان نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بونال تہوار کے معاملہ میں آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا اور بتایا کہ بونال کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے سخت گیر صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تہوار کے دوران حساس اور انتہائی حساس علاقوں میں سخت چوکسی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ بونال تہوار کے دوران سخت چوکس رہیں۔ عقیدتمندوں کیلئے دیگر محکموں کے تعاون سے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے خوشگوار انداز میں تہوار کے انعقاد کیلئے عوامی تعاون حاصل کرنے کا پولیس عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ تہوار کے بندوبست میں تجربہ کار عہدیداروں کو خدمات حوالے کی جارہی ہیں۔ کمشنر پولیس دیویندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ تہوار اور جلوس کے موقع پر شی ٹیم کو چوکس رکھا جارہا ہے اور خواتین کے تحفظ اور ان کی سہولت کیلئے شی ٹیم کی زائد ٹیموں کو متعین کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ کمشنر پولیس نے جرائم کے متعلق تمام زونس کے عہدیداروں سے جائزہ لیا اور جرائم پر قابو پانے کیلئے رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں عمل میں لائے جارہے اقدامات کی ستائش کی۔ اس موقع پر رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ع