مادناپیٹ میں اقلیتی نوجوانوں پر حملہ ، مکان میں توڑ پھوڑ،گاڑیوں کو نقصان
حیدرآباد : /30 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ مادناپیٹ میں کل رات اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بونال جلوس میں شریک اشرار نے اقلیتی فرقہ کے نوجوانوں پر حملہ کردیا ۔ جلوس کو واپسی کے دوران اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے ایک مکان میں توڑ پھوڑ مچادی اور ایک کار اور موٹر سیکل کو نقصان پہنچاتے ہوئے دو نوجوانوں کو زخمی کردیا ۔ اشرار کے اس حملہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور اقلیتی فرقہ کے نوجوانوں کی کثیر تعداد مادنا پیٹ پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور اشرار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا ۔ اقلیتی فرقہ کے نوجوانوں نے پولیس کی جانب سے کارروائی کا تیقن اور مقدمہ درج کرنے کے بعد اپنے احتجاج کو ختم کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران پولیس ملازمین نے جانبداری کا رویہ اختیار کرتے ہوئے اقلیتی فرقہ کے افراد سے مبینہ طور پر بدسلوکی کی ۔ تاہم انسپکٹر پولیس کی جانب سے کارروائی کے تیقن کے بعد حالات کنٹرول میں آگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جن نوجوانوں پر حملہ کیا انہوں نے اشرار کی حرکت پر اعتراض کیا جو مادناپیٹ منڈی کے قریب واقع ایک مسجد کے قریب شراب نوشی کررہے تھے ۔ مسجد کے احاطہ میں شراب نوشی پر اعتراض کے بعد اشرار چلے گئے اور جلوس کی شکل میں واپسی کے دوران منظم انداز سے اقلیتوں کے مکانات پر حملہ کیا ۔ ایک مکان میں گھس کر توڑپھوڑ کرکے دو نوجوانوں کو زخمی کردیا ۔ع
اس واقعہ سے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کردیا گیا ۔ پولیس نے علاقہ میں احتیاطی طور پر چوکسی اختیار کرلی ہے اور گشت بڑھادی گئی ہے ۔ ع