حیدرآباد۔ پرانے شہر میں روایتی بونال جلوس کی اجازت کے حصول کیلئے منتظمین نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ اکنا مادنا مندر ہری باؤلی کے صدر جی نرنجن نے بتایا کہ جلوس کی اجازت کے سلسلہ میں ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت 13 جولائی کو متوقع ہے۔ 20 جولائی کو پرانے شہر کا روایتی بونال جلوس ہاتھی پر نکالا جاتا ہے لیکن تاحال حکام نے اجازت نہیں دی ہے۔ کم تعداد اور عوام کے بغیر ہاتھی پر جلوس نکالنے کی اجازت کیلئے ہائی کورٹ سے درخواست کی گئی۔ حکومت نے جاریہ سال بونال جلوسوں پر امتناع عائد کردیا ہے۔ اسی دوران وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اکنا مادنا مندر کمیٹی کو تیقن دیا کہ وہ جلوس کی اجازت کے سلسلہ میں وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو سے بات چیت کریں گے۔ اسی دوران جی نرنجن نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر صرف 5 تا 10 افراد کے ساتھ جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گجرات میں جگناتھ رتھ یاترا کی طرح حیدرآباد میں بونال جلوس کی اجازت دی جائے اور اس سلسلہ میں کمشنر پولیس کو ہدایت دی جائے۔