میامی (یو ایس): ہندوستانی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا نے سب سے قدیم اے ٹی پی ماسٹرز1000 چمپئن بننے کا اپنا ریکارڈ دوبارہ لکھا جب انہوں نے اور ان کے آسٹریلیائی ساتھی میٹ ایبڈن نے یہاں میامی اوپن میں مردوں کے ڈبلز کا تاج اپنے نام کیا۔ اس سال اپنی عمدہ دوڑکو جاری رکھتے ہوئے، 44 سالہ بوپنا اور ایبڈن نے ایک سٹ سے واپسی کی اورکروشیا کے ایوان ڈوڈگ اور امریکی آسٹن کراجیک کو 6-7(3)، 6-3، 10-6 سے شکست دی۔ ہارڈ راک اسٹیڈیم میں انہوں نے یہ ریکارڈ ساز کامیابی درج کی۔ اس کامیابی کے ساتھ بوپنا نے پچھلے سال بنائے گئے اپنے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا جب انہوں نے 43 سال کی عمر میں انڈین ویلزکا خطاب جیتا تھا، اور ڈبلز درجہ بندی میں بھی دوبارہ پہلا مقام حاصل کیا تھا۔