بوڈ اپل کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کانگریس کا قبضہ

   

حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ بوڈ اپل میونسپل کارپوریشن پر کانگریس نے اپنا قبضہ جمالیا ہے۔ بی آر ایس کارپوریٹرس کے بڑے پیمانے پر انحراف کے بعد کانگریس نے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ میڑچل ضلع کی بوڈ اپل کارپوریشن میں بی آر ایس کو اکثریت حاصل تھی اور اُن میں بیشتر کارپوریٹرس رکن اسمبلی ملاریڈی کے حامی بتائے جاتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بی آر ایس کے ارکان نے بڑے پیمانے پر انحراف کیا۔ میئر کے عہدہ پر ٹی اجئے کمار یادو جبکہ ڈپٹی میئر کے عہدہ پر کے شراونتی کشور گوڑ کو منتخب قرار دیا گیا ہے۔ کونسل کے اجلاس میں 28 کے منجملہ 26 کارپوریٹرس شریک رہے۔ بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے سابق میئر بچی ریڈی اور ڈپٹی میئر کے لکشمی روی گوڑ نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ میئر کے عہدہ کے لئے صرف اجئے یادو نے پرچہ نامزدگی داخل کیا جس کے سبب متفقہ طور پر اُن کے انتخاب کا اعلان کیا گیا۔ ڈپٹی میئر کے عہدہ کیلئے 2 امیدوار میدان میں تھے لیکن کانگریس امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی۔ میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کانگریس کی کامیابی میں سابق رکن اسمبلی مائنم پلی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے اہم رول ادا کیا۔ 1