پولیس حبیب نگر ، سنتوش نگر ، دبیر پورہ کی کارروائی ، کیمیکل اور دیگر میٹرئیل ضبط
حیدرآباد۔یکم؍ ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات کے دوران شہر حیدرآباد میں بوگس ووٹنگ میں ملوث کئی مجلسی کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ پہلے کیس میں کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے حبیب نگر پولیس کی مدد سے نامپلی حلقہ میں بڑے پیمانے پر بوگس ووٹنگ میں ملوث ہونے پر 3 افراد بشمول ایک طالب علم کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے رائے دہی کے بعد انگلی پر لگائی جانے والی سیاہی کو مٹانے کیلئے استعمال کئے جانے والے کیمیکل کو بھی برآمد کرلیا۔ کمشنر پولیس نے تین افراد 40 سالہ محمد ذاکر، 28 سالہ محمد شہاب الدین ( طالب علم ) اور 38 سالہ رمیش گپتا کو گرفتار کرلیا جو نامپلی حلقہ میں واقع پولنگ اسٹیشن نمبر 123 گورنمنٹ ہائی اسکول تلگو میڈیم میں بوگسنگ کیلئے قریب میں واقع ایک مسجد کے شٹر میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر بوگس ووٹنگ کیلئے کئی افراد کے فرضی شناختی کارڈز جمع کئے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 67 فرضی ووٹر شناختی کارڈز، سیاہی مٹانے والے کیمیکل کی دو بوتلیں، ووٹر لسٹ، ویسلین اور کولگیٹ ٹوتھ پیسٹ جو سیاہی مٹانے کیلئے استعمال کیا جارہا تھا ضبط کرلیا گیا۔اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں سنتوش نگر پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا جو بوگس ووٹنگ میں ملوث پایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 سالہ محمد سلیم الدین جو طالب علم ہے جمال گارڈن جواہر نگر کالونی سنتوش نگر جو حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں واقع ہے کے قریب رائے دہی کے بعد انگلیوں پر لگائی جانے والی سیاہی کو مٹانے والے کیمیکل کے ذریعہ بوگس ووٹنگ کی کوشش کررہا تھا۔ سنتوش نگر پولیس کی ٹیم نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں دبیر پورہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رائے دہی کے دن مجلس پارٹی کے ووٹر سلپ تقسیم کررہے تھے۔ پولیس کے مطابق 33 سالہ سید احمد امین اور اس کا ساتھی40 سالہ مہتاب علی خاں ساکن چنچلگوڑہ رحمتیہ گرلز ہائی اسکول پولنگ بوتھ نمبر 109، 110 اور 111 پر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیجیٹل پرنٹنگ مشین کے ذریعہ ووٹر سلپ کی تقسیم کررہے تھے جس پر مجلس پارٹی کا نشان موجود تھا۔ دبیر پورہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ایک اور کارروائی میں سنتوش نگر پولیس نے تین مجلسی کارکنوں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے رائے دہی کیلئے آنے والے ایک شخص پر حملہ کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ غلام محمد عارف ساکن ریاست نگر کو مجلسی کارکنوں کی ٹولی نے گولڈن جوبلی ہائی اسکول پولنگ بوتھ پر موجود تھا کہ اسے تین مجلسی کارکن شمروز ، رحمت پٹیل اور آصف و فیاض احمد نے حملہ کردیا۔ پولیس نے انہیں فوری گرفتار کرلیا۔ رائے دہندوں کو رشوت دینے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گرفتارکرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ محمد بلال کریم ساکن عثمان پورہ چادر گھاٹ نے اعظم پورہ وارڈ آفس کے قریب رائے دہندوں کو نقد رقم بطور رشوت حوالے کرتے ہوئے مجلس پارٹی کو ووٹ دینے کی ترغیب دے رہا تھا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ اسی طرح رائے دہی کے دن غیرقانونی طور پر مجلس پارٹی کے ہینڈ بلز تقسیم کرنے والے 28 سالہ محمد مظفر ساکن اولڈ ملک پیٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔