بٹلر نے ہمارے منہ سے فتح چھین لی: اظہر

   

مانچسٹر ۔ پاکستان کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد کہا کہ ٹیم مضبوط پوزیشن میں تھی لیکن جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ نے ہمارے منہ سے فتح چھین لی۔ میچ کے بعد میڈیا کانفرنس میں اظہر علی سے سوال ہوا کہ کیا آپ نے خراب کپتانی کی یا ٹیم اچھا نہیں کھیلی اس پر انھوں نے کہا کہ بطور کپتان میں اس شکست کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں مگر آپ میری قیادت کو شکست کی وجہ قرار نہیں دے سکتے ۔بطور ٹیم ہم اچھا نہیں کھیلے ،10سالہ تجربے سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔بیٹنگ کرتے ہوئے کپتانی اور کپتانی کرتے ہوئے بیٹنگ کا نہیں سوچتا،اس لیے دونوں ایک دوسرے کو متاثر نہیں کر رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ چوتھے روز پچ اچانک آسان ہوگئی۔ہم ریورس سوئنگ نہ ہونے پر حیران ہیں۔بہرحال جب5وکٹیں حاصل کیں تو حالات حق میں جا رہے تھے مگر پھر جوز بٹلر اور کرس ووکس کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اظہر علی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دوسری اننگز میں پاکستان بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 350کے قریب ہدف دے سکتا تھا،ہم بڑا اسکور کرتے تو انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کردیتے ، بہرحال کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 277بھی آسان ہدف نہیں تھا لیکن انگلش ٹیم کی چھٹی وکٹ کیلیے شراکت میں چیزیں مختلف نظر آئیں، انھوں نے جوابی حملہ کیا اور میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔