لندن ۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر ٹسٹ کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے خواہاں ہیں تاکہ وہ صرف محدود اوورس کے باصلاحیت کھلاڑی ہونے کی شبیہ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بٹلر کو انگلش ٹسٹ ٹیم میں حالیہ دنوں میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے مقابلوں میں صرف 43 رنز اسکور کر پائے تھے۔ 29 سالہ بٹلر کو سری لنکا کے خلاف منعقد شدنی ٹسٹ کیلئے انگلش ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور وہ اس مرتبہ محدود اوورس کی کرکٹ میں جارحانہ بیٹسمین کی شبیہ کو ٹسٹ کرکٹ میں بھی منتقل کرسکتے ہیں۔ ویراٹ کوہلی، فاف ڈپولیسی اور ڈیویڈ وارنر ایسے کھلاڑی ہیں جو کہ جارحانہ کھیل کے ساتھ سرخ گیند اور سفید گیند دونوں سے بھی بہتر بیٹنگ کرتے ہیں اور اب بٹلر جنہوں نے گذشتہ برس انگلینڈ کو عالمی چمپئن بنانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے، وہ ان کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں۔ بٹلر نے کہا کہ اس وقت مختلف ٹیموں میں چند ایسے موجود ہیں جنہوں نے تمام طرز کی کرکٹ میں خود کو ثابت کیا ہے اور میں اسی فہرست میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔ بٹلر کے بموجب اس وقت دنیا کے بہترین کھلاڑی وہی ہے جو ہر طرز کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ قدرتی طور پر چند کھلاڑی مخصوص طرز کی کرکٹ کیلئے ہی موزوں ہوتے ہیں۔