حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے ایمسیٹ اور بٹ ساٹ امتحانات ایک ہی دن مقرر رہنے پر طلبہ کو ایمسیٹ کی تاریخ میں تبدیلی کا موقع فراہم کیا ہے ۔ برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس ( بٹس ) کے مختلف کورسیس میں داخلوں کے لیے بی ساٹ 2021 امتحانات 3 تا 9 اگست تک مقرر ہیں ۔ انجینئرنگ طلبہ کے لیے تلنگانہ میں 4 تا 6 اگست تک ایمسیٹ ، اسی طرح 9 اور 10 اگست کو اگریکلچر ، فارمیسی کورسیس کے لیے امتحانات ہوں گے ۔ تاہم چند طلبہ کے لیے ایک ہی دن ایمسیٹ اور بی ساٹ کے دونوں امتحانات مقرر ہیں جس سے طلبہ میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ ہائیر ایجوکیشن پروفیسر پاپی ریڈی نے کہا کہ طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کیوں کہ کونسل کی جانب سے طلبہ کو ایمسیٹ امتحان کی تاریخ تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ بٹ ساٹ امتحان کے ایک دن قبل یا ایک دن بعد ایمسیٹ امتحان تحریر کرنے کا طلبہ کو موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں طلبہ ای میل
convener.eamcet @tsche.ac.in
کے ذریعہ ایمسیٹ کنوینر کو اپنی درخواست دے سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی اگر کوئی طلبہ کورونا وبا سے متاثر ہو کر آئسولیشن ہیں تو انہیں بھی ایمسیٹ کے 10 دن بعد خصوصی ایمسیٹ منعقد کیا جائے گا ۔۔
