جگتیال میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ کلکٹر کا زوم کے ذریعہ خطاب
جگتیال : ضلع جگتیال کو بچہ مزدروی سے پاک بنایا جائیگا ، ضلع کلکٹر جی روی نے زوم ویب نار کے ذریعہ محکمہ بہبود اطفال ، خواتین ، معذورین و معمرین کی جانب سے قائم کردہ آپریشن اسمائیل ۔8 مرحلہ کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ضلع جگتیال میں بچہ مزدوری ،بھیک مانگنے ، اور استحصال کا شکار بچوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انھیں چھوٹ دلواتے ہوئے سہولیات میسر کروانے کی محکمہ جات پولیس، تعلیم ، طب، ریونیو، مزدور اور رضاکارانہ تنظیموں کو ہدایت دی۔ہر سال ماہ جنوری میں منعقد کیا جانے والا پروگرام آپریشن اسمائیل ۔8 کا یکم جنوری سے 31جنوری تک خصوصی مہم کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا۔خصوصی طور پر14 سال سے کم عمر کے بچے کسی بھی مقام پر کام نہیں کرسکتے ہیں۔14 سال تا 18 سال کی عمر کے بچے کسی بھی خطرناک کام کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے انکے تجارتی لائیسنس کو رد کردیا جائیگا۔مندرجہ بالا متذکرہ عمر کے بچے کہیں بھی نظر آنے پر چائیلڈ ہیلپ لائن ٹول فری نمبر 1098 پر مطلع کیا جائے۔اس موقع پر انچارج ایڈ یشنل کلکٹر مجالس مقامی ونود کمار ،ضلع عہدیدار محکمہ بہبو د نریش ، ضلعی بچوں کے تحفظ کے عہدیدار اور آپریشن سمائیل۔8 میں شریک لائین ڈپارٹمنٹ محکمہ جات کے عہدیداران موجود تھے۔