بچوں میں انگلش بول چال کی مہارت پیدا کرنے ’بولو انگلش‘ پراجکٹ کا آغاز

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں میں انگلش بات چیت کرنے کی مہارت پیدا کرنے کے لئے سنٹر فار سیول سوسائٹی، نیشنل انڈپنڈنٹت اسکولس الائینس (NISA) اور تلنگانہ ریکگنائزڈ اسکول مینجمنٹس اسوسی ایشن (TRSMA) کی جانب سے ’بولوانگلش‘ پراجکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ ٹی آر ایس ایم اے کے صدر وائی شیکھر راؤ، جنرل سکریٹری ایس مدھو سدن اور پراجکٹ بولو انگلش ڈائرکٹر روہن جوشی نے کہا کہ یہ ایک شدت سے مطلوب ضرورت ہے جسے اب شروع کیا جارہا ہے۔ جولائی 2020ء میں اس کے سافٹ لانچ سے اس پراجکٹ میں تلنگانہ، ٹاملناڈو، مہاراشٹرا، دہلی، ہماچل پردیش اور اترپردیش میں 500 اسکولس کے زائد از ایک لاکھ طلبہ اور 1500 ٹیچرس کو شامل کیا گیا ہے۔ اب اسے ریاست بھر میں 125 بجٹ پرائیوٹ اسکولس کے زائد از 30,000 طلبہ، 600 ٹیچرس کیلئے متعارف کیا گیا ہے۔ شیکھر راؤ نے کہا کہ ’’دیہی علاقوں کے اسکولس اکثر ٹرینڈ انگلش۔ لینگویج ٹیچرس کیلئے جدوجہد کرتے ہیں جبکہ طلبہ کو انگلش زبان میں بات چیت کرنے کے مواقع اور اسے اچھی طرح سے سیکھنے کے مواقع محدود ہوتے ہیں۔ یہ پراجکٹ دونوں چیالنجس کیلئے حل ہے اور پہلے سال میں اس کے نتائج واقعی حوصلہ افزاء ہیں۔ اضلاع کریم نگر، کھمم، میڑچل، ملکاجگری اور رنگاریڈی کے اسکولوں کے بچوں میں ان کی انگلش بات چیت کرنے کی مہارت میں کافی بہتری پیدا ہوئی ہے‘‘۔ جوشی نے کہا کہ یہ پراجکٹ بچوں کو عالمی معیار کے موبائل اپلیکیشنس، ٹیچرس کو ٹریننگ اور طلبہ کو انگلش بات چیت کرنے کیلئے مواقع مفت فراہم کرتا ہے۔