اذان اسکول کے پرنسپل کی حیثیت سے حصول جائزہ کے بعد سید مسعود احمد کا خطاب
حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اعلی و معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ میں صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا اور ان کا صحیح استعمال ہی روشن مستقبل کا ضامن ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب سید مسعود احمد نے کہا ۔ جناب مسعود احمد نے اذان انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپال کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا ہے ۔ سید مسعود احمد جنہیں انڈین انٹرنیشنل اسکول جدہ میں 35 سال تک مختلف عہدوں پر خدمات انجام دینے کا موقع ملا ہے ۔ انہیں بہترین خدمات کے عوض ایم ایچ آر ڈی اسکولس پرفارمنس پر آپریشن ایوارڈ حاصل ہوا اور اس کے علاوہ انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سے میٹرجٹک اسکول لیڈرشپ کورس میں تکمیل کیا ۔ انہوں نے آج ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ ڈاکٹر محمد یوسف اعظم کے عزائم سے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور وہ اس اعظم جذبہ اور قوم کیلئے ان کی فکر و تڑپ کو دیکھ کر اذان میں شمولیت کا ارادہ کرلیا اور اپنی خدمات کا بھی جائزہ حاصل کرلیا ۔انہوں نے بتایا کہ اذان اسکول کے پرنسپل کی ذمہ داری لینے سے قبل انہوں نے اسکول کے انتظامات اور تعلیمی طریقہ کا جائزہ لیا اور بتایا کہ اذان انٹرنیشنل اسکول کا تقابل تعلیمی معیار ، ڈسپلین ماحول کے لحاظ سے کسی بھی بین الاقوامی سطح کے تعلیمی ادارے سے کیا جاسکتا ہے ۔ چیرمین اذان گروپ ڈاکٹر محمد یوسف اعظم نے اس موقع پر کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ جناب سید مسعود جیسے تجربہ کار ماہر تعلیم کی خدمات اذان انٹرنیشنل اسکول کو حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے امید جتائی کہ سید مسعود احمد کی نگرانی میں اذان کی بازگشت دور دور تک سنائی دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اذان اسکول کے طلبہ نے تعلیم اور کھیل کے میدان میں اپنے آپ کو منوایا ہے ۔ ان کے تعلیمی اور تہذیبی ثقافتی مظاہروں نے ملک و بیرون ملک کے مہمان ماہرین تعلیم کو متاثر کیا ہے ۔ اس موقع پر اقبال نئیر ، محترمہ شبانہ وائس پرنسپل و دیگر موجود تھے ۔