بچوں کو اغواء کرنے والی کوئی ٹولی نہیں : پولیس کمشنر

   

نظام آباد۔ 13 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنر مسٹر کملیشور نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں بچوں کے اغواء کرنے والی کو ئی ٹولی گشت نہیں کررہی ہے ۔ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام کو اس پر توجہ نہ دینے کی خواہش کی ۔ مسٹر کملیشور نے بتایا کہ نظام آباد Iٹائون ، نظام آباد رورل ، آرمور پولیس اسٹیشن کے حدود میں اغواء کے واقعات پیش آئے ہیں اور اس کی تصاویر ، ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی جس کی وجہ سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہوگئی اور مشتبہ حالت میں پائے جانے والے افراد پر حملہ کئے جارہے ہیں اگر اس طرح کوئی شخص دکھائی دیا تو فوری پولیس کو اطلاع دیں ۔ اگر مشتبہ حالت میں پائے جانے والے افراد پر حملہ کیا گیا تو پولیس سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے شہر کے گائتری نگر میں مشتبہ حالت میں پائے جانے والے شخص کیخلاف حملہ کرنے کے کیس میں 5 افراد کیخلاف کارروائی کی گئی اور ضلع میں اب تک 15 مقامات پر مشتبہ حالت میں پائے جانے والے افراد پر حملہ کئے گئے اور تین مقامات پر مقدمہ بھی درج کئے گئے ۔ پولیس کمشنر مسٹر کملیشور نے کہا کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور سوشل میڈیا پرپھیلانے والے افراد کیخلاف بھی کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیااور ان کی نشاندہی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے خلیج میں ملازمتیں فراہم کرنے کا جھانسہ دلانے والے گلف ایجنٹس کیخلاف انتباہ دیا اور بتایا کہ ضلع میں اب تک گلف ایجنٹوں کیخلاف 50 مقدمات درج کئے گئے اور پی ڈی ایکٹ درج کیا گیا ۔ ضلع میں لائسنس یافتہ ایجنٹس کی تعداد معمولی ہے اور نقلی ایجنٹس پر بھروسہ نہ کرنے کی ، گانجہ ، منشیات کے کاروبار کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔