یوم اطفال کے موقع پر محترمہ سمیرا سارب رسول خان کا طلباء سے خطاب
حیدرآباد ۔ /14 نومبر (راست) /14 نومبر 2019 ء کو صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک نیو روزری نرسری ، کے جی اور ہائی اسکول سالار جنگ کالونی کے زیراہتمام ’’یوم اطفال‘‘ کا انعقاد ایچ ۔ ایچ فنکشن ہال نانل نگر میں عمل میں آیا ۔ پروگرام کاآغاز قرأت کلام پاک ، حمد اور نعت سے ہوا ۔ مہمان خصوصی محترمہ سمیرا سارب رسول خان صدر سائنس فیر اکیڈیمی اور شریک حیات جناب سارب رسول خاں ڈائرکٹر شاداں گروپ آف انسٹی ٹیوشنس نے شرکائے محفل اور طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ و طلباء کی محنت کو سراہا اور ادارے کے تعلیمی معیار کی ستائش کی ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں علاقہ اقبالؔ کی نظم ’’بچے کی دعا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر طالب علم کو اس نظم کے اشعار کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے اپنی زندگی گزارنی چاہئیے کیونکہ آج ملک میں امن ، یکجہتی اور دینی استقامت کی ضرورت ہے ۔ یوم اطفال کے موقعہ پر نہ صرف اطفال کی بلکہ ان کی ماؤں کی اہمیت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جو بچے کی کردار سازی میں اہم رول ادا کرتی ہیں ۔ مہمان اعزازی جناب محی الدین گھٹالا ، مشیر اسکول نے طلباء و طالبات کو اس بات کی نصیحت کی کہ وہ مسابقتی جذبے کو برقرار رکھیں اور امتیازی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔ ڈاکٹر عبدالعزیز عبدالرحیم ڈائرکٹر انڈر اسٹیٹ القرآن اکیڈیمی نے قرآن کو سمجھنے کے لئے عربی زبان کے سیکھنے پر زور دیا ۔ ایک اور مہمان مقرر محترمہ انور جانی پرنسپل پرنسیس ایسین ہائی اسکول نے بچوں کی تعلیم و تربیت میں والدین کی ذمہ داری کو اجاگر کرتے ہوئے دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کو بھی لازمی قرار دیا ۔ ڈاکٹر عالیہ لکچرر یونیورسٹی کالج فار ویمن کوٹھی نے کہا کہ انہیں مستقبل کے لئے بہترین خواب دیکھنے چاہئیں اور اپنے خوابوں میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لئے محنت ، لگن اور مسابقت کے جذبے سے کام لینا چاہئیے ۔ دیگر مہمانوں میں جے پی بھارتی ، ڈاکٹر اسماء زہرہ ، جناب فہیم الدین سید اور ڈاکٹر شمیم ثریا نے بھی اظہارخیال کیا ۔ مہمان خصوصی محترمہ سمیرا سارب رسول خاں نے بہترین استاد کا ایوارڈ محترمہ شیاما ، سنیتا ، مسرت النساء کو عطا کیا جبکہ نان ٹیچنگ اسٹاف میں بہترین خدمات کے لئے علینہ فریسہ ، سید ناظم الدین اور محمد حبیب اللہ خاں کو انعام سے نوازا گیا ۔ اکیڈیمک اکسیلنس ایوارڈ ، سوفیصد حاضری ایوارڈ ، 2018 ء کے دسویں جماعت میں تمام مضامین میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو ایوارڈ رائزنگ اسٹار ایوارڈ برائے فزکس ، دینیات ، انگریزی ، سائنس فیئر اور یگانگت سے نوازا گیا ۔ ’’ یوم اطفال‘‘ کے اس موقعہ پر کلچرل پروگرام بھی طالب علموں نے پیش کئے ۔ محترمہ نسرین فاطمہ پرنسپل نیوروزری ہائی اسکول نے مہمانوں اور حاضرین کا خیرمقدم کیا اور اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ اساتذہ محترمہ سمیع فاطمہ اور مسرت النساء نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ نویں جماعت کے طالب علم عبدالملک نے شکریہ کا فریضہ انجام دیا ۔