بچوں کو بھنگ والی چاکلیٹ بیچنے والا گرفتار

   

منگلورو : بچوں کو بھنگ میں لپٹی چاکلیٹ بیچنے والے دکاندار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق والدین کے سامنے دکاندار کی یہ انسانیت سے گری ہوئی حرکت اْس وقت سامنے آئی جب انہوں نے محسوس کیا کہ اْن کے بچوں کے برتاؤ میں تبدیلی آ رہی ہے اور اْن کے ساتھ کچھ غلط ہو رہا ہے، بچے دن بہ دن چڑچڑے اور ایک ہی چاکلیٹ کھانے کی فرمائش کر رہے تھے جس کی قیمت تقریباً 20 روپے تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بچوں کے منفی برتاؤ اور بار بار ایک ہی چاکلیٹ خرید کر دینے کی ضد پر کرناٹک کے منگلورو میں والدین نے پولیس کو آگاہ کیا۔ منگلورو پولیس نے دو دکانوں پر چھاپہ مارا اور مجموعی طور پر 120 کلوگرام منشیات سے بھری چاکلیٹ ضبط کر لی، ایک دکان سے 85 کلو اور دوسری سے 35 کلو۔ منگلورو پولیس کی جانب سے دونوں دکانوں کے مالکان کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔