بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والی ماں بیٹی کو سزا

   

اورنگ آباد۔ 10 مئی (یو این آئی) اورنگ آباد میں بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے اور ان پر تشدد کرنے کے معاملے میں جنابائی اتم جادھو اور اس کی بیٹی سویتا سنتوش پگارے کو عدالت نے سخت سزائیں سنائی ہیں۔ دونوں خواتین نے بچوں کو محض 100 روپے کے بانڈ پر گود لیا تھا اور ان سے بھیک منگوانے کے ساتھ انہیں لکڑی کے ڈنڈوں سے پیٹنے کا جرم کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج سبینہ ملک نے فیصلہ سناتے ہوئے جنابائی کو 1 سال اور سویتا کو 3 سال کی سخت مشقت کی سزا دی، ساتھ ہی دونوں پر 5000 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سنجے نگر مکند واڑی کے رہنے والے دیوراج ناتھاجی ویر ،عمر 47 سال نے شکایت درج کرائی کہ 1 ستمبر 2021 کو ایک خاتون رشتہ دار کی اطلاع پر جب وہ مکند واڑی رام نگر پہنچی تو دیکھا کہ جنابائی اور سویتا دو بچوں کو لکڑی کی چیزوں سے مار رہی تھیں اور ان سے زبردستی بھیک منگوائی جا رہی تھی۔
دیوراج نے فوری طور پر بچوں کو ان خواتین سے علیحدہ کیا اور واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس دونوں خواتین، بچوں اور دیوراج کو تھانے لے گئی جہاں پروٹیکشن سیل کے افسران نے بچوں سے پوچھ گچھ کی۔ بچوں نے بتایا کہ وہ بھیک مانگنے پر مجبور کیے جاتے تھے اور اگر انکار کرتے تو مارا جاتا تھا۔ مکند واڑی پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔