بچوں کو کھیلنے کودنے دیں، پوپ فرانسس

   

ویٹکن سٹی۔ پوپ فرانسس نے چہارشنبہ کو دنیا بھر کی حکومتوں سے کہا ہے کہ بچّوں سے جسمانی محنت مشقت کے خلاف اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوفناک بات ہے کہ بچّے جن کے کھیلنے کودنے کی عمر ہے، وہ بالغوں کی طرح کام کریں یا کچرا کنڈی سے ایسی چیزیں تلاش کریں جن کو وہ بازار میں بیچ کر روزی کما سکیں۔ اپنے ہفتہ وار عوامی خطاب میں پوپ فرانسس نے یہ بھی کہا کہ بہت سے ملکوں میں غیر قانونی انڈر گراؤنڈ معیشت چلانے والے، عام لوگوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ ان محنت کشوں کو نہ کوئی قانونی تحفظ حاصل ہے اور نہ کسی قسم کے فوائد۔ پوپ نے کہا کہ سوچیے ان بچّوں کے بارے میں جن سے جبری مشقت لی جا رہی ہے۔ یہ بے حد خوفناک بات ہے۔ محنت کے عالمی ادارے آئی ایل او نے اپنی پچھلے سال کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2020 میں دنیا بھر میں محنت مزدوری کرنے والے بچّوں کی تعداد 16 کروڑ سے تجاوز کر گئی تھی۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ بچّے جن کے کھیلنے کودنے کی عمر ہوتی ہے، انہیں بالغوں کی طرح کام پر جبراً لگا دیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بچّوں سے جبری محنت کروانے کا عمل روکنے کی کوششیں 20 سال میں پہلی بار کووڈ۔19 کی وجہ روکنی پڑیں اور اس کے خلاف جنگ میں جو کامیابی حاصل ہوئی تھی، اس پر پانی پھر گیا اور اب پھر ماضی جیسی صورت حال کی طرف واپسی ہے۔