کھیل کود میں ایک بچے کی موت، دوسرے بچے کی چیخ و پکار پر پڑوسیوں کی آمد
حیدرآباد: اکثر میاں بیوی اپنے بچوں کو مکان میں بند کرکے ضروری کام کیلئے باہر جاتے ہیں۔ ہاسپٹل میں مزاج پرسی ہو یا پھر رشتہ دار سے ملاقات یا پھر خریداری اس طرح کے ایک واقعہ میں ایک جوڑے کو اپنے کمسن لڑکا کھودینا پڑا جور شتہ دار کی مزاج پرسی کیلئے ہاسپٹل گئے تھے اور مکان میں اپنے دو بچوں کو چھوڑ کر باہر سے قفل ڈال دیا تھا۔ اس دوران ان کا بڑا لڑکا 7 سالہ ملکارجن کھیل کے دوران چین گلے میں پھنسنے سے فوت ہوگیا۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں یہ واقعہ پیش آیا۔ یوسف گوڑہ علاقہ کے ساکنان نرسمہلو اور انجلی پیشہ سے ٹیلرنگ کرتے ہیں اور اپنے دو لڑکوں کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ کل جب میاں بیوی رشتہ دار کی مزاج پرسی کیلئے ہاسپٹل جارہے تھے تو انہوں نے اپنے دو لڑکوں کو مکان میں چھوڑ دیا اور قفل ڈال کر چلے گئے۔ ان کا بڑا لڑکا ملکارجن جو تیسری جماعت کا طالب تھا، مکان میں کھیل رہا تھا۔ اس نے پلنگ اور کھڑکی سے چین کو باندھ کر جھولا جھول رہا تھاکہ اس دوران وہ گر پڑا اور چین اس کے گلے کا پھندہ بن گئی۔ چھوٹا بھائی بڑے بھائی کی حالت دیکھ کر چیخ و پکار کرنے لگا اور پڑوسی جمع ہوگئے اور اس کے والدین کو فون کیا۔ انجلی شوہر کے ساتھ فوری مکان پہنچی اور اپنے بڑے بچے کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس کے مطابق انجلی نے پولیس میں دی گئی اپنی شکایت پر لڑکے کی خودکشی کا ذکر کیا ہے۔ پولیس بنجارہ ہلز مصروف تحقیقات ہے۔