بچوں کو ہر حالت میں تعلیم دلوائیں محبوب نگر میں قبائلیوں کو ریاستی وزیرسرینواس گوڑ کا مشورہ

   

محبوب نگر : اپنے بچوں کو کسی بھی حالت میں تعلیم دلوائیں۔ یہ مشورہ ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے منگل کے دن قبائلیوںکو مخاطب کرتے ہوئے دیا ۔ وہ وڈیرا میں 2 کروڑ 75 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تعمیرشدنی قبائلی خواتین کے ہاسٹل کا افتتاح کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ مذکورہ ہاسٹل (150) قبائلی خواتین ملازمین کی رہائش کیلئے تعمیر کیا گیا تھا ۔ ہاسٹل میں تمام تر سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ اس کیلئے ایک سوسائٹی قائم کی جائے گی ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ضلع میں عنقریب قبائلی پوسٹ میٹرک ہاسٹل قائم کیا جائے گا ۔ قبائلی عمارت کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 10 لاکھ کی لاگت سے پیر کے دن سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق ضلع میں 13 کروڑ کی لاگت سے قبائلیوں کیلئے کئی ایک عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر سیتا راما راؤ ، میونسپل چیرمین نرسمہلو ، آر ڈی او پدما شری ، قبائلی بہبود آفیسر چترا ، انجینئرنگ عہدیداران وسنتا ، قبائلی نمائندے راجو نائیک ، رویندر ، ٹی این جی او سکریٹری چندرنائک ، کونسلر یادیا ، ہنومنتو و دیگر موجود تھے ۔