بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر والدین نظر رکھیں: ایس پی

   

سنگاریڈی میں دیہی طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ’’پریرنا‘‘ کے عنوان پر خصوصی پروگرام کا انعقاد

سنگاریڈی۔ 2؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ آئی آئی ٹی حیدرآباد کے رورل ڈیولپمنٹ سینٹر کی جانب سے دیہی علاقوں کے طلبہ و طالبات کی ترقی اور حوصلہ افزائی کے لیے ’پریرنا‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع پولیس سربراہ پریتوش پنکج آئی پی ایس بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور طلبہ کو قیمتی مشورے دیے اپنے خطاب میں ایس پی نے کہا کہ دیہی علاقوں کے طلبہ کے روشن مستقبل کی تشکیل میں یہ پروگرام اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ بچپن سے ہی اپنے مقاصد طے کر کے محنت و لگن سے تعلیم حاصل کریں، کیونکہ کامیابی صرف انہی کو حاصل ہوتی ہے جو مسلسل کوشش کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ضلع پولیس خواتین کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں ’شی ٹیم‘ تشکیل دی گئی ہے جو خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔پریتوش پنکج نے بتایا کہ پوکسو اور جنسی جرائم کے متاثرین کو ’بھروسہ سنٹر‘ کے ذریعے ہر طرح کی قانونی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن جرائم سے متعلق آگاہی بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ سائبر مجرم کم عمر بچوں کو گیمز اور جعلی لنکس کے ذریعے نشانہ بناتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اس موقع پر سائبر وارئیرز ٹیم نے سائبر جرائم سے بچاؤ کے طریقوں پر روشنی ڈالی، جب کہ ’شی ٹیم‘ اور ’بھروسہ‘ عملے نے خواتین و بچیوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ناانصافی کی صورت میں بلا جھجک پولیس سے رابطہ کریں، ان کے مسائل کا فوری حل فراہم کیا جائے گا۔پروگرام میں ڈاکٹر ہِما بندھو (ایم اے ای شعبہ)، ڈاکٹر شْہیتا (ایل اے شعبہ)، ڈاکٹر ارویند (سی ایس ای شعبہ)، ڈاکٹر پریم پال، ڈاکٹر مایْکھ پہاڑی (فزکس شعبہ)، ستیش (رورل ڈیولپمنٹ سینٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر)، کندی منڈل ایجوکیشن آفیسر، انسپکٹر پروین ریڈی، سنگاریڈی رورل انسپکٹر کرانتی، ’شی ٹیم‘ ایس آئیز، ’بھروسہ‘، سائبر وارئیرز کے اراکین، مختلف سرکاری اسکولوں کے طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔