تین افراد گرفتار، 13 بچوں کو بچالیا گیا، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 28 ۔ مئی (سیاست نیوز) بچوں کی اسمگلنگ اور انہیں فروخت کرنے والے ریاکٹ کا رچہ کنڈہ پولیس نے پردہ فاش کردیا۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اس ٹولی کے تین افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 8 کی شناخت کرلی گئی ہے ۔گرفتار ٹولی کے اراکین بچوں کو پونے اور دہلی سے خرید کر دونوں تلگو ریاستوں میں فروخت کررہے تھے۔ راچہ کنڈہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں دہلی اور پونے روانہ ہوگئی ہیں جہاں بچوں کو بیچنے والوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔ یہ بات کمشنر پولیس راچہ کنڈہ ترون جوشی نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا اور بتایا کہ شوبھا رانی اور شیخ سلیم ساکنان پیر زادی گوڑہ اور ہیما لتا عرف سواپنا ساکن چنگی چرلہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے 13 بچوں کو بچالیا جن میں گیارہ فروخت کردئے گئے تھے ۔ پولیس نے خریداروں کے قبضہ سے بچوں کو حاصل کرلیا اور انہیں ہوم منتقل کردیا جہاں ان کی بہتر انداز میں دیکھ بحال جاری ہے ۔ دو بچے فروخت نہیں کئے گئے تھے جن کی عمر ایک سال اور ایک سال سے کم تھی ۔ دو سال کے بچوں کو فروخت کرنے کی اطلاع گزشتہ دنوں میر پیٹ علاقہ سے موصول ہوئی تھی جس کے بعد پولیس کی خصوصی ٹیموں نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا ۔ کمشنر پولیس ترون جوشی نے بتایا کہ فی بچہ تین تا ساڑھے تین لاکھ روپئے میں فروخت کیا جارہا تھا اور بے اولاد جوڑے ان بچوں کو خرید رہے تھے ۔ دہلی کے ساکنان کرن اور پریتی کے علاوہ پونے کے ساکن کناریا ان بچوں کو تلنگانہ اور آندھراپردیش میں فروخت کر رہے تھے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ تقریباً 50 بچوں کو فروخت کیا گیا جس کی جامع تحقیقات جاری ہیں ۔ درمیانی افراد بچہ فروخت کروانے کے لئے ایک لاکھ تا 50 ہزار روپئے کمیشن لیا کرتے تھے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کو ایک بڑے ریاکٹ کا پتہ چلا اور انسانی اسمگلنگ کے اس ریاکٹ کا پردہ فاش کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مزید 8 افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے جن میں بیگم سروجا ، مداوت ، شاردھا ، پٹھان ممتاز ، انورادھا ساکنان وجئے وا ڑہ ، وائی ممتا ساکن کشائی گوڑہ ، راجو اپو گوڑہ ، ہری ہرا چیتن ساکن انوجی گوڑہ ، بی پدما انوجی گوڑہ شامل ہیں۔ ع