بچوں کی بہتر نشوونما کیلئے رضاکارانہ تنظیموں کا اہم رول

   

میڑچل میں انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح، وزیر فینانس ہریش رائو کا خطاب
حیدرآباد۔10 جنوری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو میڑچل ضلع کے کیسرا منڈل کے موضع رام پلی میں ترقیٔ اطفال تنظیم کی جانب سے قائم کردہ بین الاقوامی مرکز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سوشل انکیوبیشن سنٹر کے قیام کی ستائش کی اور کہا کہ ایسے مراکز کے ذریعہ بچوں کی دیکھ بھال اور ان کی بہتر پرورش کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایک رضاکارانہ تنظیم نے اس طرح کا سنٹر قائم کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ وہ گزشتہ 15 برسوں سے اس تنظیم سے وابستہ ہیں۔ تنظیم کے ذریعہ بچوں کی نشونما اور ان پر پڑنے والے مضر اثرات کی روک تھام کے اقدامات سے وہ بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ مفت میں حاصل ہونے والی چیزوں کی قدر نہیں کرتے۔ رضاکارانہ تنظیم کے ذریعہ بچوں کی نشونما کا طریقہ کار معاشرے میں تبدیلی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ بچوں کو سماجی سرگرمیوں میں شریک کرتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکیوبیشن سنٹر بچوں کی بہتر نشونما کا مرکز ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منفرد خیال بچوں کی زندگی بدل سکتا ہے۔ عوام کی زندگی میں تبدیلی کے لیے اس طرح کے مزید مراکز کی ضرورت ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ زراعت، صحت، تعلیم اور ماحولیات جیسے شعبوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اصلاحات کے ذریعہ ہم سماج میں نہ صرف تبدیلی بلکہ مثبت سونچ اور فکر کو بڑھاوا دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اس پر عوام کا اعتماد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی کے لیے خدمات انجام دینے میں این جی او کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تلنگانہ میں کئی انقلابی تبدیلیوں کے ذریعہ عوام کی بہتر خدمت کا فیصلہ کیا ہے۔ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی، مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالابوں کا تحفظ بے سہارا خواتین کو پنشن اور دیہی علاقوں کو صحت و صفائی سے جوڑنے کے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے بالا وکاس انکیوبیشن سنٹر کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ رضاکارانہ تنظیم کی سرگرمیوں سے چیف منسٹر کو واقف کرائیں گے۔ انہوں نے تنظیم کے سربراہ کو پدمابھوشن جیسے ایوارڈ کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے ذریعہ مرکز سے سفارش کرنے کا تیقن دیا۔ انکیوبیشن سنٹر ابھی تک چھ دیگر ریاستوں میں قائم کیا جاچکا ہے اور یہ ملک کا 7 واں سنٹر ہے۔ اس موقع پر پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار، ریاستی وزیر لیبر بی ملا ریڈی اور اعلی عہدیدار موجود تھے۔