بچوں کی خرید و فروخت کے ریاکٹ کا پردہ فاش، 11 افراد گرفتار

   

گجرات سے بچوں کو خرید کر تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بیچنے کا انکشاف

حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم راچہ کنڈہ نے بچوں کی خرید و فروخت ایک خطرناک ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا ۔ گجرات احمد آباد سے بچوں کو خرید کر تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بے اولاد جوڑوں کو بچے فروخت کئے جا رہے تھے۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی ملکاجگیری اور چیتنیہ پوری پولیس نے 11 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں خواتین کی اکثریت ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس راچہ کنڈہ سدھیر بابو نے بتائی جو آج ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کر رہے تھے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کی اصل سرغنہ کرشنا وینی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بے اولاد جوڑوں میں بچے فروخت کئے جارہے تھے ۔ کرشنا وینی نے بچوں کی فروخت کیلئے ریا کٹ تیار کیا اور بین ریاستی ریاکٹ کے ذریعہ وہ اپنی سرگرمیاں انجام دے رہی تھی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ کرشنا وینی نے احمد آباد گجرات کی ساکن خاتون وندنا سے تفصیلات معلوم کیں اور وندنا نے چار نو مولود بچوںکو جن میں دو لڑ کے اور دو لڑ کیاں شامل ہیں، کرشنا وینی کو فراہم کئے اور لڑکی ڈیڑھ لاکھ اور لڑ کے کی قیمت ڈھائی لاکھ روپئے طئے کی گئی جبکہ کرشنا وینی نے دو لاکھ 30 ہزار روپئے لڑ کی اور چار لاکھ 50 ہزار روپئے میں لڑ کے کو فروخت کرنے کیلئے خریداروں کی قیمت کو طئے کیا ۔ پولیس نے ان کی کوشش کو ناکام بنادیا اور 11 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 26 سالہ کرشناوینی ، 35 سالہ دپتی ، 27 سالہ گوتم ساوتری ، 38 سالہ شراون کمار ، 38 سالہ شاردھا، 40 سالہ سمپت کمار ، 35 سالہ وینکٹ بھگوان ، 40 سالہ ونئے کمار ، 38 سالہ سوتی اور 39 سالہ رمیش شامل ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ گجرات سے بچوں کو حیدرآباد منتقل کرنے والی دو خواتین سنیتا سمن اور ساوتری دیوی کی تلاش جاری ہے۔ع