بچوں کی ذہانت بڑھانے حافظہ تیز کرنے دفتر سیاست میں مفت سمینار و کلاس کا انعقاد

   

والدین کا حوصلہ افزاء ردعمل ، صرف دو گھنٹوں میں ہی بچوں میں غیر معمولی تبدیلیاں
مسابقتی دور میں نونہالان ملت کو آگے بڑھانا ضروری ، جناب عامر علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ہر ماں باپ کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کی اولاد زندگی کے ہر شعبہ میں کامیاب رہے۔ انہیں عزت شہرت دولت سب کچھ ملے اور تعلیم کے میدان میں اپنے شاندار مظاہرے کے ذریعہ اپنے خاندان ، ملک و ملت کا نام روشن کریں ۔ ایسا ہی کچھ روزنامہ سیاست کے عابد علی خاں آڈیٹوریم میں اس وقت نظر آیا جب سیاست اور Intellect Excellence Academy کے زیر اہتمام (DMIT) Dermatoglyphics Multiple Intellegence Test اور بچوں میں حافظہ یا میموری کو تیز کرنے Mid Brain Activation پر مفت سمینار کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ جب کہ جئے پور راجستھان سے بطور خاص حیدرآباد تشریف لائے ماہرین مسٹر ونپت شرما ڈائرکٹر ٹیم 360 اور مسٹر ویپول شرما ڈائرکٹر ٹیم 360 ، ان کے ساتھیوں نے نہ صرف خطاب کیا بلکہ بچوں کی مفت کلاس بھی لی ۔ تقریبا دو گھنٹوں تک جاری رہی کلاس میں بچوں کی دماغی سرگرمی کو جلا بخشنے کے لیے موسیقی ، رقص اور کئی ایک مشق کا سہارا لیا گیا ۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ 2 گھنٹوں میں ہی بچوں نے نہ صرف مختلف اشیاء کی شناخت کی بلکہ ان کے رنگوں کے بارے میں بھی بناء دیکھے بتایا ۔ اس موقع پر ٹیم 360 کے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر اروند سنگھ ، مسٹر امر دیپ ، مسٹر سری کانت ، مسٹر اوما پرساد اگروال ، مسٹر بیوجوگم سنتوش اور جناب نوید احمد خاں کے علاوہ جناب زاہد فاروقی ہیڈ آف دی آپریشن سیاست ٹی وی بھی موجود تھے ۔ محمد ریاض احمد نے ابتداء میں DMIT اور مڈ برین اکٹویشن کے بارے میں تفصیل سے واقف کروائے اور پروگرام کی کارروائی چلائی ۔ خوشی کی بات یہ رہی کہ سیاست آڈیٹوریم طلباء وطالبات اور ان کے والدین سے کھچا کھچ بھر گیا تھا ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے اپنے مختصر سے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں ہمارے بچوں کا تعلیمی میدان میں کامیاب رہنا بہت ضروری ہے ۔ اس کی سب سے اہم وجہ ہے کہ ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ پر قرآن کی جو پہلی آیت نازل ہوئی وہ علم سے متعلق ہے ۔ لیکن ہم ہی تعلیمی میدان میں سب سے پیچھے ہیں ۔ ہمیں اپنے بچوں کی خدا داد صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہوگا ۔ ان کے حافظہ یا میموری کو بڑھانا ہوگا ۔ تب ہی ہماری نئی نسل ملک و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ DMIT ایک ایسا ٹسٹ ہے جس میں انگلیوں کے نشانات کے ذریعہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکتا ہے کہ آپ کے بچے کون سے شعبوں میں کامیاب رہ سکتے ہیں ۔ اس موقع پر طلبہ کے والدین نے DMIT اور Mid Brain Activation کی 12 کلاس کیلئے متعین کردہ فیس کم کرنے کی درخواست کی جس پر عامر علی خاں نے ٹیم 360 کے ڈائرکٹروں و عہدیداروں سے بات کی جس پر DMIT ٹسٹ کے لیے 5000 کی بجائے 3500 ( 35 فیصد ڈسکاونٹ ) اور میموری تیز کرنے والی کلاس کیلئے 15000 کی بجائے 10,500 روپئے ( 30 فیصد ) کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ان کلاس اور DMIT ٹسٹ کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے ۔ والدین اپنے بچوں کے ناموں کا جلد سے جلد اندراج کروائیں کیوں کہ محدود نشستیں ہیں ۔۔