بچوں کی نشو و نما میں ثقافتی پروگراموں کا کلیدی رول : پروفیسر ایوب خان

   

حیدرآباد،13؍نومبر (پریس نوٹ) اُردو یونیورسٹی اسٹاف کے بچوں کے ثقافتی پروگراموں میں تعلیمی وثقافتی اور کھیل کود کے مقابلوں میں مختلف عمر کے بچوں کی شرکت سے مجھے بے حد خوشی ہوئی اور جب یہ علم ہوا کہ اس طرح کی غیر معمولی ثقافتی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ یہ تمام بچے تعلیمی میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیںتو میں اور زیادہ متاثر ہوا۔ ان بچوں کی کارکردگی دیکھ کر میرا یہ یقین پختہ ہو گیا ہے کہ ہمارے ملک اور قوم کا مستقبل نہایت روشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایوب خان ، نائب شیخ الجامعہ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے’’ اسٹاف کے بچوں کے ثقافتی پروگرام‘‘ میں کیا ۔ یوم آزاد تقاریب کے ضمن میں ابتدائی سے بارہویں جماعت تک کے اسٹاف کے بچوں کے لیے کھیل کود، ڈرائنگ اورپینٹنگ، مضمون نویسی، نظم اور نعت خوانی، تقریری مقابلہ اور کوئز کا اہتمام اتوار 10؍ نومبر کوکیا گیاتھا ۔ پروگرام کے اختتام پرکامیاب بچوں کو نائب شیخ الجامعہ نے ایوارڈ تقسیم کیے۔ ڈاکٹر ظفر گلزار نے شکریہ ادا کیا۔