بچوں کی کردار سازی میں دینی تعلیم کا بنیادی کردار

   

کاماریڈی میں دینی تربیتی کیمپ، کامیاب طلبہ میں سائیکلس کی تقسیم، سابق رکن اسمبلی سید یوسف علی کا خطاب
کاماریڈی۔ یکم؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اہلِ سنت ویلفیئر سوسائٹی اور حق کی آواز ٹیم اور محمد علی شبیر کے تعاون سے مسجد فاروق، اولڈ بس اسٹینڈ کاماریڈی میں منعقدہ 100 روزہ دینی تربیتی کیمپ بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ اس بابرکت مہم کی تکمیل پر کامیاب طلباء میں سائیکلوں کی تقسیم عمل میں آئی، جس سے طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں سابق رکن اسمبلی سید یوسف علی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک رہے، جبکہ حیدرآباد اور دیگر علاقوں سے معزز شخصیات، علماء کرام، حفاظ اور دینی و سماجی قائدین نے شرکت فرما کر طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ واضح رہے کہ یہ 100 روزہ دینی تربیتی کیمپ گزشتہ تین ماہ سے جاری تھا۔ جس میں طلباء کو نماز باجماعت کی پابندی، اذکار، پانچوں کلمے، 40 احادیث، قرآن مجید کی 20 سورتیں اور 40 مسنون دعائیں یاد کروائی گئیں۔ اس دینی مہم میں 200 سے زائد طلباء نے داخلہ لیا تھا جبکہ 141 طلباء نے حتمی امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی سید یوسف علی نے کہا کہ ”دینی تعلیم بچوں کی کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ جو قوم اپنے بچوں کو دین سے جوڑتی ہے وہی دنیا و آخرت میں کامیاب ہوتی ہے سید یوسف علی نے کہا کہ ہم آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہے اور ان کی ہر بات پر عمل کرتے ہوئے دین پر چلنا ہمارے لیے ضروری ہے اور یہ پروگرام اسی کا ایک حصہ ہے جس پر انہوں نے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ” اہلِ سنت ویلفیئر سوسائٹی کے صدر شاہ نواز، جمیل، جعفر، اور طاہر صاحبان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ محض ایک تعلیمی کیمپ نہیں بلکہ ایک عظیم دینی انقلابی تحریک ہے، جس نے بچوں کے ذہنوں کو روشن کیا ہے۔ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کو دینی تعلیم کی طرف مزید راغب کریں، تاکہ آنے والی نسلیں دینی اور اخلاقی اقدار پر قائم رہیں۔” اس شاندار تقریب میں مولانا وسیم قادری،خطیب مدینہ مسجد الحاج محمد افضل صدیقی، الحاج محمد حمیدالدین (ریٹائرڈ RTC)، صدر انتظامی کمیٹی مدینہ مسجد، سید انور احمد سابق رکن بلدیہ نائب صدر مدینہ مسجد اور حق کی آواز ٹیم کے تمام ذمہ داران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، پروگرام کے اختتام پر امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 141 طلباء میں بطورِ انعام سائیکلیں تقسیم کی گئیں تاکہ وہ مزید حوصلے اور شوق کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کرتے رہیں۔ آخر میں اہلِ سنت ویلفیئر سوسائٹی و حق کی آواز ٹیم کاماریڈی کے ذمہ داران نے اس کامیاب دینی تربیتی مہم پر تمام معاونین، اساتذہ، سرپرستوں کا شکریہ ادا کیا۔