بچوں کے ایمان و عقائد کی پختگی پر توجہ ضروری

   

بچکنڈہ میں مکتب حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا افتتاح، مفتی عمر بن عیسیٰ و دیگر کا خطاب

بچکنڈہ ۔2 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر بچکنڈہ نیو کالونی وارڈ نمبر 15 میں مکتب حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا افتتاح بروز پیر بعد نماز عصر پیر احمد میستری کے مکان میں عمل میں لایا گیا جس میں مہمانان خصوصی مولانا مفتی عمر بن عیسیٰ قاسمی ناظم مدرسہ عبداللہ بن عباس ؓ جناب کلیم پٹیل اقلیتی سینئر قائد بی آر ایس پارٹی بچکنڈہ نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد حنیف کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ نعت پاک حافظ و قاری عبدالواجد نے پڑھا۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالعلیم فاروقی نے انجام دی۔ اس موقع پر مفتی عمر بن عیسیٰ قاسمی بانسواڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکتب کی تعلیم بنیادی ڈھانچہ ہے۔ بڑے اکابرین کا فرمان ہے کہ مکتب کی تعلیم کو گلی گلی میں عام کیا کرو تاکہ معصوم بچوں کے ایمان و اعمال کا تحفظ ہوسکے۔ اگر ایمان و عقائد بچپن سے ہی پختہ ہو تو وہ سلامتی کے ساتھ زندگی گزر بسر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس پرفتن ماحول میں معصوم بچے بنیادی تعلیم سے محرومی کا شکار بن گئے تو اس کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوگی۔ مفتی صاحب نے دنیاوی علم کے ساتھ ساتھ اپنے لڑکے اور لڑکیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی کتاب قرآن مجید ہے، اگر امت کو قرآن سے وابستگی نہیں رہے گی تو دنیا و آخرت میں تباہی و بربادی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ مولانا محمد رضوان القاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مولانا عمران رحمانی، مفتی محبوب قاسمی، ایس ایم سی چیرمین شیخ حسین، مولانا محبوب قاسمی، رپورٹر روزنامہ سیاست حافظ و قاری شیخ محسن، حافظ محمود محمد نظام ایکلارا، حافظ فیاض حافظ فاروق، محمد منور، محمد مصطفی، عبدالرحیم، عبدالحکیم، ریاض، محمد سہیل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔